Wednesday, October 7, 2026
Wednesday, October 7, 2026
Wednesday, October 7, 2026
spot_img
spot_img
A venture of Pen First Media and Entertainment Pvt. Ltd
Member of Working Journalist Media Council Registered by - Ministry of Information and and Broadcasting, Govt. Of India. New Delhi
HomeUrduاردو اکیڈمی کی سرگرمیاں صاف، شفاف اور منظم انداز میں جاری

اردو اکیڈمی کی سرگرمیاں صاف، شفاف اور منظم انداز میں جاری

اقلیتی مسائل کے حل کے لیے حکومت سنجیدہ، تمام زیرِ التوا مسائل جلد حل کیے جائیں گے: مادھوری ستیش مساڑ

حج کمیٹی، وقف بورڈ، اقلیتی کمیشن اور اردو اکیڈمی کے مسائل فوری حل کرنے کی ضرورت: ادریس نائیکواڑی

ممبئی: (نامہ نگار)مہاراشٹر میں اقلیتی برادری سے متعلق مختلف مسائل، بالخصوص حج کمیٹی، مہاراشٹر اسٹیٹ بورڈ آف وقف، اقلیتی کمیشن اور مہاراشٹر راجیہ اردو ساہتیہ اکیڈمی کے امور کے سلسلے میں رکن قانون ساز کونسل ادریس نائیکواڑی کی قیادت میں ایک وفد نے ریاستی وزیرِ اقلیتی امور مادھوری ستیش مساڑ سے ملاقات کی۔ اس موقع پر اقلیتی برادری کو درپیش مختلف مسائل، تعلیمی امور، طلبہ کی اسکالرشپ، اردو زبان و ادب کے فروغ اور متعلقہ اداروں کے کام کاج کے حوالے سے تفصیلی اور سیر حاصل گفتگو ہوئی۔وفد میں مہاراشٹر راجیہ اردو ساہتیہ اکیڈمی کے کارگذار صدر سید حسین اختر کے علاوہ ایشور جنواڑے اور سندیپ کواڑے بھی موجود تھے۔ملاقات کے دوران ادریس نائیکواڑی نے وزیرِ اقلیتی امور کی توجہ اقلیتی برادری سے وابستہ اہم مسائل کی جانب مبذول کراتے ہوئے کہا کہ حج کمیٹی، مہاراشٹر اسٹیٹ وقف بورڈ، اقلیتی کمیشن اور مہاراشٹر راجیہ اردو ساہتیہ اکیڈمی سمیت مختلف اداروں سے متعلق متعدد امور ایسے ہیں جن کے بروقت حل کی ضرورت ہے۔ انہوں نے زور دیتے ہوئے کہا کہ اقلیتی برادری کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے اور متعلقہ محکموں کو ضروری ہدایات جاری کی جائیں تاکہ عوام کو سرکاری سطح پر درپیش دشواریوں سے نجات مل سکے۔ادریس نائیکواڑی نے خاص طور پر اقلیتی طلبہ کے تعلیمی مسائل اور اسکالرشپ سے متعلق امور پر بھی وزیرِ اقلیتی امور کی توجہ مبذول کرائی۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم کسی بھی معاشرے کی ترقی کی بنیادی ضرورت ہے، اس لیے اقلیتی طلبہ کو اسکالرشپ اور دیگر تعلیمی سہولتوں کی بروقت فراہمی کو یقینی بنانا ضروری ہے۔ ساتھ ہی یہ بھی باور کروایا کہ مہاراشٹر میں جہاں جہاں اردو گھر کے قیام کو منظوری مل چکی ہیں وہاں وہاں جلد از جلد تعمیری کام شروع کیا جائے۔اس کے علاوہ انہوں نے اردو زبان و ادب سے متعلق مختلف مسائل بھی وزیر کے سامنے پیش کیے اور اردو کے فروغ کے لیے حکومتی سطح پر مزید مؤثر اقدامات کی ضرورت پر زور دیا۔اس موقع پر مہاراشٹر راجیہ اردو ساہتیہ اکیڈمی کے کارگذار صدر سید حسین اختر نے اکیڈمی کی جانب سے گزشتہ ایک سال کے دوران انجام دی جانے والی مختلف ادبی، ثقافتی اور اردو زبان و ادب کے فروغ سے متعلق سرگرمیوں پر مشتمل ایک سالہ کارکردگی رپورٹ بھی وزیرِ اقلیتی امور مادھوری ستیش مساڑ کو پیش کی۔سید حسین اختر نے اکیڈمی کی مختلف اسکیموں، ادبی پروگراموں، مشاعروں، ادبی نشستوں، ورکشاپس اور اردو زبان و ادب کے فروغ کے لیے کیے جانے والے اقدامات سے وزیر کو واقف کرایا۔ انہوں نے اکیڈمی کی جانب سے اردو کے ادیبوں، شاعروں، طلبہ اور اردو سے وابستہ اداروں کے لیے انجام دی جانے والی سرگرمیوں پر بھی روشنی ڈالی۔وزیرِ اقلیتی امور مادھوری ستیش مساڑ نے اردو اکیڈمی کی ایک سالہ کارکردگی رپورٹ کا جائزہ لیتے ہوئے اطمینان کا اظہار کیا اور اکیڈمی کی سرگرمیوں کو سراہا۔ انہوں نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اردو اکیڈمی کی سرگرمیاں صاف، شفاف اور منظم انداز میں جاری ہیں۔ انہوں نے اکیڈمی کی جانب سے اردو زبان و ادب کے فروغ کے لیے کی جانے والی کوششوں کی ستائش کی اور مستقبل میں بھی اردو کے فروغ کے لیے مثبت تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ملاقات کے دوران وفد نے اقلیتی امور سے متعلق مختلف محکموں اور اداروں کے درمیان بہتر تال میل پیدا کرنے، عوامی شکایات کے ازالے، طلبہ کو تعلیمی سہولتوں کی بروقت فراہمی اور اردو زبان و ادب کے فروغ کے لیے مزید مؤثر اقدامات پر بھی تبادلۂ خیال کیا۔وفد نے اس امید کا اظہار کیا کہ ریاستی حکومت اقلیتی برادری سے متعلق ان اہم مسائل کو سنجیدگی سے لیتے ہوئے ان کے حل کے لیے جلد ضروری اقدامات کرے گی، جس سے اقلیتی طبقے، طلبہ اور اردو زبان و ادب سے وابستہ افراد کو نمایاں فائدہ پہنچے گا۔

RELATED ARTICLES
- Advertisment -spot_img

Most Popular

You cannot copy content of this page

error: Content is protected !!