Wednesday, July 30, 2025
Wednesday, July 30, 2025
Wednesday, July 30, 2025
spot_img
spot_img
A venture of Pen First Media and Entertainment Pvt. Ltd
Member of Working Journalist Media Council Registered by - Ministry of Information and and Broadcasting, Govt. Of India. New Delhi
HomeUncategorizedمالیگاؤں کا ایک یادگار علمی سفر

مالیگاؤں کا ایک یادگار علمی سفر

شہر علم وادب مالیگاؤں اپنی بے مثال تہذیب وثقافت اور شفاف اسلامک کلچر کی وجہ سے مہاراشٹر کا نہایت ترقی یافتہ اور تعلیم یافتہ خطہ ہے، اسی کی آغوش میں واقع امام ماتریدی انسٹی ٹیوٹ کی دعوت پر پہلی بار اس ادارے میں حاضری ہوئی،ادارے کے اساتذہ وطلبہ سے ملاقات ہوئی،سب نے اپنی خوش اخلاقی ،سلیقہ مندی اور حسن ضیافت سے حد درجہ متاثر کیا،طلبہ کی سعادت مندی میں ان کے اساتذہ کی خوشبوے تربیت کا احساس ہوا.انسٹی ٹیوٹ پورے ہندوستان کا اکلوتا ادارہ ہے جہاں باضابطہ عقیدہ وفلسفہ میں تخصص کا اہتمام ہے،اس ادارے کا اپنا بنایا ہوا عصری تقاضوں سے ہم آہنگ شان دار نصاب تعلیم اور قدیم وجدید اسلوب میں رنگا ہوا عمدہ نظام تعلیم ہے، تربیت کا اعلی انتظام،عربی انگریزی زبان میں تدریس کا التزام، دعوتی وتبلیغی تربیت کا اہتمام اور شخصیت سازی کا بے مثال طریقہ کار اس ادارے کو ہندوستان ہی نہیں پوری دنیا کے اداروں میں امتیازی شان عطا کرتا ہے.ادارے میں آئی ٹی کاسیز کا بھی نظم ہے،نصاب میں شامل مضامین میں مطالعہ مذاہب، سیرت نبویہ، تاریخ اسلام،اسلامی ثقافت، علوم قرآن، عربی زبان وادب،منطق قدیم ،علم النفس،استشراق ،اصول دعوت ،تصوف،شبھات وردود،وغیرہ قابل ذكر ہیں. ادارے میں طلبہ کے قیام وطعام کا معقول انتظام ہے،عصری نظام تعلیم کے مطابق بہترین درس گاہوں میں آن لائن اور آف لائن تدریس ہوتی ہے، کتاب کے ساتھ فن کا مطالعہ ناگزیر ہوتا ہے،طلبہ ہر موضوع سے متعلق بھرپور مطالعہ کرتے ہیں، انہیں اسلامی عقائد، سیرت رسول (علیہ السلام) اور تاریخ اسلام پر وارد اعتراضات کے جوابات پڑھائے جاتے ہیں،ہر پہلو پر زبردست مطالعہ کرانے کے ساتھ تحریری وتقریری دفاع کی مشق کرائی جاتی ہے ،خاص طور سے الحاد و استشراق کے بطن سے پیدا ہونے والے اشکالات کا حل بتا کر اسلام کے دفاع کا طریقہ بتایا جاتا ہے، ہر جمعہ کو شہر واطراف کے علاقوں میں تبلیغی دورے کرائے جاتے ہیں. اس میں کوئی شک نہیں کہ درس نظامی میں عبادات ومعاملات پر بہت ساری معیاری کتابیں داخل نصاب ہیں ،مگر عقیدہ وکلام پر شرح عقائد اور عقیدہ طحاویہ کے علاوہ کوئی قابل ذکر کتاب باضابطہ نہیں پڑھائی جاتی ہے،پہلے کے دور میں لوگوں کے عقائد پختہ اور باہری دَراندازیوں سے محفوظ تھے اس لیے اس پہلو پر بہت زیادہ زور نہیں دیا گیا، اب ضرورت محسوس ہورہی ہے کہ دینی مدارس میں اس پہلو پر خصوصی توجہ دی جائے،امام ماتریدی انسٹی ٹیوٹ عصر حاضر کے اس تقاضے کی تکمیل میں ہراول دستے کی حیثیت رکھتا ہے،عزیز اسعد حضرت مولانا اسماعیل علیمی ازہری اس دستے کے قائد ہیں، جو شب وروز کی جد وجہد کرکے پوری ملت اسلامیہ کا قرض اتار رہے ہیں،آپ علیمیہ کے مایہ ناز فرزند ہونے کے ساتھ ازہرشریف سے فیض یافتہ متبحر عالم دین ہیں، اللہ تعالیٰ انہیں سلامت رکھے اور مزید خدمت دین کی توفیق عطا فرمائے.قارئین کو یہ جان کر حیرت ہوگی کہ ابھی گزشتہ سال اس ادارے کا باضابطہ قیام عمل میں آیا، مالیگاؤں ہی کے کچھ مخلص افراد نے اس ادارے کو قائم کرکے تاریخ رقم کرڈالی،فی الحال سال اول کے نو اور سال دوم کے بارہ، کل ملا کر اکیس طلبہ زیر تعلیم ہیں، یہ وہ طلبہ ہیں جن کا انتخاب ہندوستان بھر کے مختلف معیاری اداروں کے ان سو سے زائد طلبہ میں سے ہوا جو ادارے کے تحریری وتقریری امتحان میں شریک ہوئے،آن لائن وآف لائن دس اساتذہ کرام تدریسی خدمات انجام دے رہے ہیں، ادارہ ہر طالب علم کو تین ہزار روپے ماہانہ اسکالر شپ بھی دیتا ہے. ادارے کی طرف سے منعقد ایک اہم پروگرام میں شرکت کی سعادت ملی، جس کا عنوان تھا “اسلام اور جدیدیت میں توازن کیسے ممکن ہے” ناچیز نے اپنے محدود مطالعہ کی روشنی میں بیان کیا، سامعین میں طلبہ اساتذہ کے ساتھ شہر مالیگاؤں واطراف سے تشریف لائے ہوئے اشراف تھے، جنھوں نے اپنی دعاؤں سے نوازا، یہ ایک نہایت بامقصد اور مفید پروگرام تھا،جس سے بزنس اور کارپوریٹ ورلڈ سے منسلک افراد مستفید ہوئے.اسی سفر میں محترم غلام مصطفی رضوی صاحب اور محب مکرم مولانا مفتی نسیم احمد مصباحی صاحب سے بھی یادگار ملاقات ہوئی،دونوں حضرات نے بڑی محبتوں سے نوازا. (مولانا) کمال احمد علیمی نظامیدارالعلوم علیمیہ جمدا شاہی بستی یوپی٢٧ محرم الحرام ١٤٤٧ ھ / ٢٣جولائی ٢٠٢٥ ء

RELATED ARTICLES
- Advertisment -spot_img

Most Popular